سماج وادی پارٹی پر اکھلیش یادو کی اجارہ داری کے بعد کنارے لگائے گئے شیو
پال یادو نے الگ پارٹی بنانے کا من بنا لیا ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو
جسونت نگر سیٹ سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب
کرتے ہوئے کہی۔ اٹاوہ کے نمائش پنڈال میں کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ میٹنگ
کے دوران شیو پال نے کہا کہ وہ الگ پارٹی بنائیں گے۔ حالانکہ اس کا رسمی
اعلان وہ 11 مارچ یعنی اترپردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد ہی
کریں گے۔ میٹنگ کے دوران شیو پال نے اکھلیش یادو پر طنز کستے ہوئے کہا کہ
انہوں نے ٹکٹ دے کر مہربانی کی ہے۔ شیو پال نے کہا، "اگر ٹکٹ نہ دیتے تو
سوچتا۔ ٹکٹ نہیں ملتا تو
آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑتا۔ شیو پال نے کہا، "پانچ سال تک محنت کی، اب کہاں جائیں؟ 11 مارچ کا رزلٹ
دیکھ لینا۔ 11 مارچ کو تم حکومت بنا لو ہم پارٹی بنائیں گے اور پھر سے
جدوجہد کریں گے۔ سماج وادی پارٹی کو کمزور کیا گیا۔ اتحاد سے صرف کانگریس
کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا، "11 مارچ کو نیتا جی آئیں گے، اس کے بعد ہم
پارٹی بنائیں گے۔ ابھی ہم نے فارم بھر دیا ہے۔ کل تک بہت سی قیاس آرائی کی
جا رہی تھی لیکن آج ہم نے پرچہ نامزدگی ایس پی اور سائیکل سے بھر دیا ہے۔
آج ہم جو بھی ہیں نیتا جی کی وجہ سے ہیں۔ بہت سے لوگوں نے کہا ہے کہ جو کچھ
ہیں نیتا جی کی وجہ سے ہیں۔ انہی لوگوں نے نیتا جی کو ذلیل کرنے کا کم کیا
ہے۔